فیصل آباد میں 10 سالہ گھریلو ملازمہ پر وحشیانہ تشدد، دم توڑ گئی

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ایک اور کمسن گھریلو ملازمہ غربت کی بھینٹ چڑھ گئی، سنگدل فیملی نے بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مکوانہ کے رہائشی غلام مرتضٰی کی دس سالہ بیٹی عائشہ تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقہ نعمت کالونی نمبر 2 گلی نمبر 3 کے رہائشی فضل الرحمان ولد طفیل کے گھر ملازمہ تھی۔ گزشتہ روز فضل الرحمان اور اس کے گھر والے سنیلہ بی بی زوجہ عمار شاہد اور راحیلہ بی بی دختر طفیل وغیرہ نے کمسن عائشہ کو بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا، ملزموں نے خود ہی بچی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا، جہاں متاثرہ بچی دم توڑ گئی۔ مدینہ ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد بچی کی  نعش ورثا کے حوالے کر دی۔ سی پی او فیصل آباد محمد علی ضیاء اور ایس پی مدینہ ڈویژن  غلام مرتضی کے گھر پہنچ گئے اور بچی کے ورثاء سے تعزیت کرتے ہوئے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔دریں اثناء  لاہور سے این این آئی کے مطابق چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے فیصل آباد میں مبینہ تشدد سے کمسن گھریلو ملازمہ کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو فیصل آباد کو مقتولہ کمسن گھریلو ملازمہ کے لواحقین سے فوری رابطہ کی ہدایت کر دی۔ 

ای پیپر دی نیشن