لاہور+ اسلام ـآباد (نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی ) مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف نے کہا ہے نوجوان نسل کو خود کو گالی گلوچ اور بد تہذیبی سے دور رکھنا ہے۔شریف میڈیکل کالج کے کانووکیشن سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد دیتا ہوں، والدین نے ضروریات اور خواہشات پس پشت ڈال کر آپ کی تعلیم مکمل کرائی، شریف میڈیکل کالج میں داخلے کے لیے 100 فیصد میرٹ پالیسی ہے، اس کالج میں سفارش نہیں میرٹ کو پروان چڑھایا گیا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ چاہتا ہوں میری تقریر سے ایک سوچ اور فکر لے کر جائیں، وہ شخص کبھی کامیابی نہیں پاتا جس میں کامیابی سے زیادہ ناکامی کا خوف ہو۔نواز شریف نے طالب علموں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب طلبہ نے فیلڈ میں جاکر جوش کے ساتھ ہوش سے بھی کام لینا ہے، اتحاد، اصلاح اور فلاح کے لیے معاشرے میں دل لگا کر محنت کرنی ہے اس کے ساتھ نوجوان نسل کو خود کو گالی گلوچ اور بد تہذیبی سے دور رکھنا ہے۔تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ طلبہ کو آج کامیابی ملی ہے، یہ ان کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، ان ڈاکٹرز نے اب عملی میدان میں جاکر دکھی انسانیت کی خدمت کرنی ہے۔علاوہ ازیںمسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر جعفر خان مندوخیل نے وفد کی قیادت کی ، این اے 263 سے جمال شاہ کاکڑ، این اے 252 سے سردار یعقوب خان ناصر بھی وفد میں شامل تھے ،این اے 257 اور پی بی 22 سے جیتنے والے جام کمال ، نواب چنگیز خان مری بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے ،میاں خان مندرانی، پی بی 4 سے سردارعبدالرحمن کھیتران اور راحیلہ درانی وفد کا حصہ تھے ،پی بی 14 سے محمد خان لہڑی ، پی بی 15 سے میر سلیم احمد کھوسہ ، پی بی 3 سے میر شعیب نوشیروانی بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے، آزاد حیثیت سے جیت کر ن لیگ میں شامل ہونے والے پی بی 30 کے میر عاصم کرد گیلو ، پی بی 41 سے ولی محمد، پی بی 51 سے کیپٹن (ر) عبدالخالق، پی بی 27 سے برکت علی رند نے بھی ملاقات میں شریک تھے، شہبازشریف نے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور پارٹی راہنماوں کے جذبے کو سراہا ،آپ سب کی کاوشوں کی بدولت پاکستان میں سیاسی استحکام کی صورت پیدا ہورہی ہے،پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کے لئے ہم سب مل کر خلوص دل سے کام کریں گے، سیاسی مفادات نہیں، پاکستان کے مفادات کو مقدم رکھنا ہے۔ اس موقع پر بلوچستان میں حکومت سازی کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ بلوچستان سے راہنمائوں نے اپنے سیاسی رابطوں کے حوالے سے پارٹی صدرکوآگاہ کیا۔