اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) رہنما پی ٹی آئی اور سابق وزیرمملکت فیصل جاوید نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جلد میانوالی سے الیکشن لڑیں گے اور وزیراعظم پاکستان کا حلف اٹھائیں گے۔ فیصل جاوید خان نے سیشن کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جتنے معصوم اور بے گناہ لوگ ہیں دعا ہے اپنوں میں واپس آجائیں ، بانی پی ٹی آئی انکی اہلیہ سمیت جتنے بے گناہ لوگ گرفتار ہیں سب رہا ہوں گے۔ صحافی کے سوال پر کہ 9 مئی کے بعد آپ سب منظر عام پر آئے ، کوئی ڈیل ہوئی ہے؟ فیصل جاوید نے جواب دیا کہ بانی پی ٹی آئی کا 9 مئی کے حوالے سے موقف کلیئر ہے، اس پر جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے، جو بھی گنہگار ہیں انکو سزا ملنی چاہیے، قانون نام کی کوئی چیز ہونی چاہیے، قانون اور انصاف ہو تو ہم حاضر ہیں، عدالتوں سمیت سب جگہ ہمارے لوگ سرنڈر ہوتے ہیں۔ فیصل جاویدنے کہاکہ کسی نے کوئی غلط کام نہیں کیا، معیشت سمیت تمام چیزیں عدل اور انصاف سے جڑی ہیں ، اللہ تعالی نے قرآن مجید میں عدل اور انصاف قائم کرنے کا حکم دیا ہے، یہ الیکشن فارم 45 بمقابلہ فارم 47 تھے، ریاضی اسلامیات اردو، فزکس میں جتنے آئے اتنے نمبر دے دیں، سارے پرچوں کا فارم 47 میں ٹوٹل نمبر غلط کرتے ہیں، ہمارے سمیت تمام پارٹیوں کے امیدواروں کے پاس فارم 45 موجود ہے، نہ نہ کرتے پی ٹی آئی نے 180 نشستیں جیتی ہیں، اسکی انکوائری ہونی چاہیے۔
بانی پی ٹی آئی جلد میانوالی سے الیکشن لڑ کر وزیراعظم کاحلف اٹھائیں گے:فیصل جاوید
Feb 25, 2024