لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جعلی الیکشن کے نتیجہ میں حکومت بنانے والے ہائی جیکرز اور قبضہ گروپ ہیں، جو عمارت تعمیرکی گئی، چند مہینوں بعد دھڑام سے گر جائے گی۔ ملبہ اٹھانے والا بھی کوئی نہیں ہوگا، ایک چور کے بعد دوسرے چور کو مسلط کرنے والوں سے عوام سوال کرتی ہے کہ 8فروری کو ان کا قطاروں میں کھڑے کر کے وقت کیوں ضائع کیا۔ قوم اب حساب کتاب چاہتی ہے، الیکشن میں نام نہاد کامیابیاں حاصل کرنے والوں کے چہروں پر مصنوعی مسکراہٹ ہے اور جیبوں میں امریکا و یورپ کے ویزے ہیں۔ عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی آخری حکومت ہو گی۔ ان کے سر سے اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ اٹھ جائے تو یہ ایک لمحے کے لیے بھی جماعت اسلامی کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ مایوسی کی کوئی وجہ نہیں، حق کی فتح ہو گی، جس روز انتخابی سرگرمیاں معطل کر کے فلسطین کے لیے آواز بلند کرنا شروع کی، اسی دن اندازہ ہوگیا تھا استعماری طاقتیں جماعت اسلامی کا راستہ روکیں گی۔ یقین ہے امت کامیاب ہو گی، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، جمعیت کا نوجوان باطل نظام کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید کمر کس لے۔ گلی کوچوں، یونیورسٹیوں، کالجز، سکولوں میں نوجوانوں کو منظم کیا جائے۔ پرامن اسلامی انقلاب کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ پنجاب میں اسلامی جمعیت طلبہ کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف، امیر جماعت کے معاون خصوصی حافظ اسرار، ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ شکیل احمد اور سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ اسد قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔