سندھ اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا

نومنتخب سندھ اسمبلی کا اجلاس آج پھر ہوگا، جس میں سندھ اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے سندھ اسمبلی کا اجلاس آج اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت 11 بجے ہوگا، دونوں عہدوں کے لیے ووٹنگ خفیہ رائے شماری سے ہوگی۔اسپیکر سندھ اسمبلی کے لیے پیپلزپارٹی کے اویس قادر اور ایم کیو ایم کی صوفیہ شاہ کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کے لیے پیپلز پارٹی کے انتھونی نوید اور ایم کیو ایم کے راشد خان میں مقابلہ ہے۔پیپلزپارٹی کی جانب سے نامزد اسپیکر اویس شاہ اور ڈپٹی اسپیکر نوید انتھونی کے کاغذات درست قرار دے دیے گئے ہیں۔ایم کیوایم کی نامزد کردہ اسپیکر صوفیہ سعید شاہ اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے راشد خان کے کاغذات نامزدگی بھی درست قرار پائے۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کے چناؤ کی تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گٸیں جبکہ اس موقع سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامت کیے گئے ہیں۔جماعت اسلامی اورپی ٹی آٸی کے آزاد ارکان کا حلف لینے کا امکان ہے، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ کے لیے نامزد سید مراد علی شاہ کی حلف برداری پیر کو متوقع ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھایا، 168 ارکان پر مشتمل ایوان میں 148 ارکان نے حلف اٹھایا۔سندھ اسمبلی میں حلف لینے والوں میں پیپلز پارٹی کے 111 اور ایم کیو ایم پاکستان کے 36 اراکین شامل تھے۔اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے سندھی، اردو اور انگریزی زبان میں ارکان سے حلف لیا جبکہ 13 ارکان سندھ اسمبلی نے حلف نہیں اٹھایا۔حلف نہ اٹھانے والوں میں سنی اتحاد کونسل، جی ڈی اے اور جماعت اسلامی کے ارکان شامل ہیں۔دادو سے منتخب رکن سندھ اسمبلی عزیز جونجیو کے انتقال پر ان کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا، پی ایس 139 سے حافظ نعیم کا نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کیا گیا۔اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے 3 مخصوص نشستوں پر بھی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔

ای پیپر دی نیشن