نئی دہلی: بھارت کی بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے ملک میں الیکشن کے دوران مودی حکومت کو شکست دینے کیلئے اتحاد کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مودی حکومت کو عوام دشمن پالیسیاں لے ڈوبیں۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات 2024 کیلئے اپوزیشن پارٹیوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ہوگیا۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری نے بیان جاری کردیا۔ جنرل سیکریٹری اور رکنِ پارلیمان مکل واسنک کا کہنا ہے کہ لوک سبھا میں دہلی کی 7 نشستوں میں سے 4نشستوں پر الیکشن عام آدمی پارٹی لڑے گی جبکہ انڈین نیشنل کانگریس نے 3 نشستوں تک محدود رہنے کا فیصلہ کر لیا۔ کونسٹیٹیوشن کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا کہ گجرات، ہریانہ، چندی گڑھ اور گوا میں بھی عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے مابین نشستوں کی تقسیم کا معاملہ حل ہوگیا۔ تاحال بھارتی پنجاب میں عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے مابین سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوسکی جہاں دونوں پارٹیوں نے الگ الگ حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ دیگر مقامات پر نشستوں کی تقسیم کا فیصلہ کر لیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دور میں مسلمانوں سمیت بھارت کی دیگر اقلیتوں پر طرح طرح کے مظالم ڈھائے گئے جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی.بھارتی شہری بھی مودی حکومت سے عاجز آگئے۔