لاہور (خبر نگار) ڈسٹرکٹ کو آرڈینیشن آفےسر لاہور نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ عید میلادالنبیﷺ کے انتظامات کے سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ عید میلادالنبیﷺ کے جلوس کے شرکاءکے لئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور جلوس کے شرکاءکو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی کے لئے پولیس اہلکاروں کے ساتھ سول ڈیفنس کے رضا کار بھی فرائض سر انجام دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار نور الامین مینگل نے ریلوے اسٹیشن تا اکبری منڈی اندرون شہرکا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے خواجہ عمران نذیر اور ضلعی حکومت کے افسران بھی ہمراہ تھے۔ ڈی سی او لاہور نے ریلوے اسٹیشن تا اکبری منڈی 12ربیع الاوّل کے جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا اور افسران کو ہدایات جاری کیں۔ ڈی سی او لاہور نے کہا ہے کہ عید میلاد النبیﷺ کے روز ٹریکٹر ٹرالیوں او ر گاڑیوں میں کسی قسم کے گانے بجانے ، ہُلڑ بازی اور ون ویلنگ پر دفعہ 144نافذ ہو گی۔ دریں اثناء نے کہا ہے کہ ضلعی حکومت لاہور تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لےے دن رات کوشاں ہے اور تاجر برادری کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے داروغہ والا اور شادی پورہ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ ایم این اے پرویز ملک ، ایم پی اے مہر اشتےاق اور ضلعی حکومت لاہور کے افسران ان کے ہمراہ تھے۔