اقوام متحدہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لئے مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔ اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کے صدر اور پاکستان کے مستقل مندوب سعود خان نے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ فلسطین اسرائیلی تنازعے کے حل کے لئے عالمی برادری کی طرف سے نظرانداز کرنے کی وجہ سے معاملہ سنگین صورت حال اختیار کر رہا ہے۔ اس مسئلے کو نظرانداز کرنے عالمی برادری کی طرف سے ذمہ داری سے فرار اختیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ءنہایت اہم ہے اگر اب بھی عالمی برادری نے اپنی ذمہ داری کا احساس نہ کیا تو دو ریاستی حل ناقابل عمل نہیں رہے گا۔ دریں اثناء امریکہ نے فلسطینی حکام کی طرف سے سلامتی کونسل کے اجلاس میں ”ریاست فلسطین“ کے نیم پلیٹ استعمال کرنے پر اعتراض اور تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر موزن رائس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کے وزیرخارجہ ریاض المالکی کی طرف سے ”ریاست فلسطین“ کی نیبم پلیٹ استعمال کرنے پر واشنگٹن کو شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جنرل اسمبلی کی طرف سے فلسطینیوں کو ریاست کا درجہ دینے کو تسلیم نہیں کرتا۔