لاہور (اے این این) چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام سکیورٹی فورسز اور پولیو ورکرز پر حملوں اور سانحۂ مستونگ کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا۔ ملک بھر کی مساجد میں امن کے موضوع پر خطباتِ جمعہ دیئے گئے اور دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں جبکہ لاہور، کراچی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ مساجد میں شہید ہونے والوں کے لیے قرآن خوانی بھی کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی اپنی انتہا کو پہنچ گئی ہے۔ اب آخری فیصلہ کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ ہزارہ برادری کی نسل کشی افسوسناک اور دردناک ہے۔ فوجیوں کے گلے کاٹنے والوں کے ہمدرد قومی مجرم ہیں۔ سنی اتحاد کونسل علماء بورڈ کے سربراہ علامہ محمد شریف رضوی نے بھکر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی حمایت میں بیان دینے والوں کا محاسبہ کیا جائے۔