آئی سی سی ’’ٹرائیکا‘‘ کیلئے ووٹ کا لالچ‘ بھارت پاکستان سے نیوٹرل مقام پر کرکٹ سیریز کھیلنے کیلئے تیار‘ ہاکی سیریز مارچ میں ہونے کا امکان

لاہور+ ممبئی+ لندن (سپورٹس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) بھارت کی پاکستان پر ذرہ نوازیاں، دال میں کچھ تو کالا ضرور ہے۔ بھارت نے ہاکی ٹیم پاکستان بھیجنے اور کرکٹ سیریز کسی بھی نیوٹرل مقام پر کھیلنے کیلئے رضامندی ظاہر کردی۔ آئی سی سی پر حکمرانی کیلئے بنائے گئے ٹرائیکا پر پاکستان کی حمایت حاصل کرنے کیلئے بھارت نے دانہ ڈالنا شروع کردیا۔ چھ سال سے کسی بھی مقام پرسیریز کھیلنے سے انکار کرنے والا بھارت اچانک تعلقات کی بحالی کے ٹریک پرکیسے آگیا یہ بات اتنی سادہ بھی نہیں ہے۔ دال میں کچھ تو کالا ضرور ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری سنجے پٹیل نے انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ باہمی سیریزکھیلنے کیلئے تیار ہیں۔ سیریز متحدہ عرب امارات سمیت کسی بھی نیوٹرل مقام پر کھیلی جاسکتی ہے۔ سیریز کا فیصلہ پاکستان کیساتھ کرکٹ تعلقات کی بہتری کیلئے کیا ہے۔ بھارت کے روابط بحال کرنے کے فیصلے نے کئی سوالات کھڑے کردئیے۔ آئی سی سی ٹرائیکا پر پاکستان کی مخالفت کے بعد آخر بھارت کو کرکٹ ٹیم بھیجنے کا خیال اچانک سے کیوں آیا؟ کہیں بھارت کا یہ فیصلہ آئی سی سی ٹرائیکا پر پاکستان کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے تو نہیں ہے؟ کیا بھارتی بورڈ نے مالا مال بننے کے چکر میں ممبئی حملوں کو پس پشت ڈالدیا ہے جس کو جواز بناکر پاکستان سے کرکٹ روابط ختم کئے گئے تھے؟ سنجے پٹیل نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم 2015ء تک مصروف ہے لیکن اسکے باوجود پاکستان کے ساتھ کھیل سکتے ہیں۔ سیریز نیوٹرل مقام پر کہیں بھی ہوسکتی ہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلزکرکٹ بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک نے چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کو خط لکھا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی سی بی کا کہنا ہے کہ 28 جنوری کو آئی سی سی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی خواہش ظاہر کی گئی ہے۔ جائلز کلارک پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کھیلنے سے متعلق بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان اور بھارت کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی ہاکی سیریز مارچ اپریل میں منعقد ہوگی جس کے میچز کراچی، لاہور اور فیصل آباد میں منعقد ہونگے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد اور ہاکی انڈیا کے صدر ڈاکٹر نریندر بترا کے درمیان گذشتہ روز ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں فیڈریشن کے درمیان دسمبر 2012ء میں طے پانے والے معاہدے کو آگے بڑھانے کی بات ہوئی۔ ہاکی انڈیا کے صدر نریندر بترا کا کہنا تھا کہ وہ مارچ کے آخری ہفتے میں بھارتی ہاکی ٹیم کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے پاکستان بھجوانے کو تیار ہیں تاہم یہ سیریز بھارتی وزارت کھیل اور وزارت خارجہ کی اجازت سے مشروط ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مجوزہ سیریز کیلئے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کو مطلع کر دیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی ہاکی فیڈریشن کے درمیان دسمبر 2012ء میں معاہدہ طے پایا تھا کہ بھارتی ہاکی ٹیم تین میچوں کی سیریز کھیلنے پاکستان آئیگی، جواب میں پاکستان ٹیم بھارت کا دورہ کرئے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ یہ ہاکی سیریز کھیل کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس کا بہت فائدہ ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...