اسلام آباد (ثناء نیوز+ آئی این پی) تحفظ پاکستان آرڈیننس پر مشترکہ لائحہ عمل کیلئے سیاسی جماعتوں کی گول میز کانفرنس کے حوالے سے رابطے شروع کر دیئے گئے ہیں۔ یہ رابطے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے شروع کئے گئے ہیں آئندہ ہفتے تحفظ پاکستان ترمیمی آرڈیننس کے معاملے پرگول میز کانفرنس کا قوی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق تحفظ پاکستان آرڈیننس پر اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات برقرار ہیں اس معاملے پر مشترکہ حکمت عملی کیلئے کانفرنس بلانے کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ثناء نیوز کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے ابتدائی طور پر عوامی نیشنل پارٹی سے رابطہ کیا گیا ہے گول میز کانفرنس میں انسانی حقوق سے متعلق ماہرین کو بلانے پر بھی مشاورت ہو رہی ہے دونوں جماعتوں میں کانفرنس کے انعقاد پر اتفاق ہو گیا ہے۔کانفرنس اسلام آباد میں ہوگی۔ سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق نے تحفظ پاکستان آرڈیننس سے آئین میں دیئے گئے بعض بنیاد ی حقوق متاثر ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت قانون کو بریفنگ کیلئے طلب کر لیا۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین افراسیاب خٹک نے بتایا کہ تحفظ پاکستان آرڈیننس سے آئین میں دیئے گئے بعض بنیادی حقوق متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر وزارت قانون کو تحفظ پاکستان آرڈیننس پر بریفنگ کے لئے طلب کر لیا گیا ہے۔
تحفظ پاکستان آرڈیننس پر تحفظات، سیاسی جماعتوں کا گول میز کانفرنس بلانے کا فیصلہ
Jan 25, 2014