اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے وقت نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے عدالت میں پیش ہو کر غیر مشروط معافی مانگ لی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کا نوٹس خارج کردیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دلی طور پر عدلیہ کا احترام کرتا ہوں، شاید پریس کانفرنس میں زبان پھسل گئی ہو۔ عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔ کبھی عدالت کی توہین کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے معافی قبول کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس خارج کر دیا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ بدقسمتی کا لفظ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، امید ہے آپ عدالتوں کا احترام کریں گے۔ فاضل جسٹس نے کہا کہ آپ کی طرف سے ایسی باتیں کرنے سے عام لوگ بھی عدالتوں کا احترام نہیں کرینگے جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ کئی چیلنز پر عدالتوں کیخلاف تماشا لگا ہوا ہے روز دیکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ سی این جی مالکان کی درخواست منظور ہونے پر میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے بیان دیا تھا کہ عدالت کے احکامات کے باعث بدقسمتی سے گھریلو صارفین کو گیس کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بعد ازاں عدالت کے با ہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جب تک اضافی گیس نہیں آ ئے گی ملک میں گیس بحران حل نہیں ہو گا، بجلی اور گیس بحران کا فوری حل ممکن نہیں، آئندہ موسم سرما میں صارفین کو مسلسل گیس فراہم کریں گے۔ سی این سٹیشنز کو لائسنس ہم نے نہیں اوگرا نے دیئے حکومت ایل پی جی کی قیمتیں مقرر نہیں کرتی اور نہ ہی کسی فیکٹری کو شیڈول گیس فراہم کی جا رہی ہے۔