لاہور (آئی این پی) جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ حکومت طالبان سے مذاکرات کا راستہ چھوڑ کر اپنے پائوں پر خود کلہاڑی مار رہی ہے‘ حکمران امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے کی بجائے ان کی ہاں میں ہاں ملا رہے ہیں‘ پاکستانی افواج کو جنگ کی دلدل میں دھکیلنا حکمرانوں کی عقلمندی نہیں ہو گی‘ میں نیک نیتی سے طالبان سے مذاکرات کیلئے کردار ادا کرنا چاہتا تھا لیکن حکمران مذاکرات کی بجائے کچھ اور کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عاصم مخدوم سے ٹیلی فونک گفتگو میں مولانا سمیع الحق نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی جماعت اقتدار میں آنے سے پہلے ملک کو امریکی غلامی سے نجات دلانے کے دعوے کرتی رہی لیکن اقتدار میں آنے کے بعد حکمران امریکہ کے آگے بھیگی بلی بنے ہوئے ہیں اور اس کے ہر کام میں ہاں میں ہاں ملا رہے ہیں۔ حکمران آپریشن کے ذریعے دہشت گردی ختم کرنے کا خیال دل سے نکال دیں اگر حکمرانوں نے ہوش کی بجائے جوش سے کام لیا تو یہ ملک کیلئے انتہائی خطرناک ہو گا۔