پی سی بی آفیشلز کے دوروں کی بجائے ڈومیسٹک کرکٹ پر پیسہ خرچ کرے : توقیر ضیاء

لاہور(نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ آفیشلز کے دوروں پر پیسے خرچ کرنے کے بجائے ڈومیسٹک کرکٹ پر پیسہ خرچ کرے،فرسٹ کلاس کرکٹ کے معیار کی بلندی و بہتری کے لئے اقدامات کرے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چئیرمین لیفٹیننٹ جنرل ( ر) توقیر ضیا نے وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کے پاس موجود اربوں روپے کیا صرف بیرون ملک دوروں پر خرچ کرنے ہیں۔ گورننگ بورڈ کے ممبران سمیت غیر ضروری افراد کی عالمی کپ کے دوران آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں موجودگی سے ٹیم کے ڈریسنگ روم کا محول خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ٹیسٹ فاسٹ باؤلر عامر نذیر کا کہنا تھا کہ فرسٹ کلاس کرکٹرز کو پیسہ ملنا چاہیے یہ انکا حق ہے کھلاڑیوں کو اگر ڈومیسٹک کرکٹ سے ہی پیسہ ملے گا تو وہ منفی چیزوں سے بچ جائیں گے۔میں آج تک ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کے حوالے سے باتیں ہی سنتا آیا ہوں عملی طور پر کسی نے کچھ نہیں کیا۔ آج ٹیم میں ایک بھی حقیقی آل راؤنڈر موجود نہیں ہے۔فاسٹ باؤلر محمد خلیل کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کے آفیشلز نے سفر کرنا ہو تو وہ ہوائی جہاز کے ذریعے کرتے ہیں جبکہ کرکٹرز کو ٹرین کے ذریعے لمبا سفر طے کرنا پڑتا ہے۔ان حالات میں پرفارمنس کیسے ہو گی۔ ہمارا کرکٹر برطانیہ میں صرف گھر کا چولہا جلانے کے لئے کرکٹ کھیلنے جاتا ہے۔اگر کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں اچھا معاوضہ ملے تو وہ کیوں باہر جائے۔

ای پیپر دی نیشن