برسلز (آئی این پی) مسئلہ کشمیرکواجاگر کرنے کے لیے برسلزپارلیمنٹ میںایک اہم کانفرنس اورثقافتی نمائش منگل 26جنوری کو منعقد ہوگی۔ ’’کشمیری ثقافت۔ مستقبل کے تناظرمیںـ‘‘ کے عنوان سے یہ پروگرام کشمیرکلچرل ڈے کے طور پر منعقد کیاجارہاہے جس کے میزبان رکن برسلزپارلیمنٹ ڈاکٹر منظورالٰہی ظہورہیں۔ پروگرام کا اہتمام انٹرنیشنل کو نسل فار ہیومن ڈی ویلپمنٹ (آئی سی ایچ ڈی) اورکشمیرکونسل ای یو کررہی ہیں۔ ایم پی برسلزپارلیمنٹ ڈاکٹر منظورکے استقبالیہ خطاب کے ساتھ ہی نمائش کا باقاعدہ افتتاح ہوگا اوراس کے بعد علاقائی خصوصیات کا حامل ظہرانہ پیش کیاجائے گا۔پروگرام کے دوسرے حصے کے دوران ایک کانفرنس منعقد ہوگی جس میںبرسلز اوریورپی پارلیمنٹس کے اراکین، سکالرز، جرنلسٹس اور سول سوسائٹی کے افرادکشمیری کلچراورکشمیر کے مستقبل پر بحث کریں گے۔