لاہور، شرقپور میں چھاپے، ولید شرقپوری سمیت اہلسنت جماعت کے 7 افراد گرفتار

Jan 25, 2016

لاہور/ شرقپور شریف (خصوصی نامہ نگار، سٹاف رپورٹر، نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں سے اہلسنت جماعت کے 6 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے تاہم حراست میں لئے افراد کا نام خفیہ رکھا جا رہا ہے ان افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے ان افراد کو امن و امان کا قیام برقرار رکھنے کیلئے حراست میں لیا جبکہ مزید افراد کو حراست میں لینے کا امکان ہے۔ مذہبی جماعت کی جانب سے آج داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ حراست میں لئے افراد سے پولیس کی پوچھ گچھ جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے بینرز بھی قبضہ میں لئے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان کا قیام یقینی بنائیں گے۔ دوسری جانب رہائی تحریک ممتاز قادری کے قائدین ڈاکٹر محمد اشرف جلالی، پیر محمد افضل قادری، سید ظہیر الحسن شاہ، صاجزادہ احمد رضا سیالکوٹی، پیر محمد شفیق گیلانی نے گرفتاریوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے مولانا خادم حسین رضوی، سید مختار اشرف رضوی و دیگر کارکنوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں۔ تحفظ ناموس رسالت کی تحریک کو تشدد اور ظلم سے دبایا نہیں جا سکتا۔ آج لبیک یارسول اللہ مارچ نئی تاریخ رقم کرے گا۔ کارکن پرامن اور پرعزم رہیں کسی افواہ پر کان نہ دھریں۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق ناموس رسالت اور ممتاز قادری کے حق میں آج بروز پیر مال روڈ لاہور پر ریلی نکالی جائے گی جس کی صدارت سجادہ نشین آستانہ عالیہ شیر ربانی شرقپور شریف کے صاحبزادہ میاں ولید احمد شرقپوری جواد نے کرنی تھی گزشتہ روز وہ اپنی فیملی کے ہمراہ شرقپور سے لاہور آرہے تھے جب وہ کوٹ نور شاہ کے قریب پہنچے تو پولیس کی بھاری نفری نے انہیں گرفتار کرلیا۔ پیر صاحبزادہ میاں ولید احمد شرقپوری جواد نے کہا ریلی ہر صورت کامیاب ہوگی۔

مزیدخبریں