پنجاب حکومت کو ٹف ٹائم کیلئے 4 جماعتی اتحاد قائم کرنے کا فیصلہ، آج اجلاس طلب

Jan 25, 2016

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب میں اپوزیشن نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے چار جماعتی اتحاد قائم کرنیکا فیصلہ کر لیا، اس سلسلے میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمودالرشید نے آج بروز پیر ق لیگ، پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈروں کا اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں ایوان کی منظوری کے بغیر شروع ہونیوالے منصوبوں، لوکل باڈیز ایکٹ کے ترمیمی آرڈیننس، پنجاب کے عوام کو صحت، تعلیم، روزگار اور صاف پانی سمیت بنیادی انسانی حقوق کی عدم فراہمی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے قاضی محمد سعید، جماعت اسلامی کے سید وسیم اختر اور مونس الہی کے بیرون ملک ہونے کے باعث ق لیگ کے وقاص حسن موکل شرکت کرینگے۔ اپوزیشن لیڈر محمودالرشید نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب میں فرد واحد 10کروڑ عوام کے مستقبل کا فیصلہ کر رہا ہے، اسمبلی کے ہوتے ہوئے آرڈیننس کے ذریعے حکومتی معاملات چلائے جا رہے ہیں، ناقص حکومتی پالیسیوں کے باعث عوام آرسینک ملا زہریلا پانی پینے پر مجبور ہیں، ہسپتالوں کی حالت قابل رحم ہے، ایک ایک بیڈ پر دو، دو مریضوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا، پورا صوبہ پولیس سٹیٹ بن چکا ہے ان حالات میں حکومت کو بنیادی انسانی ضرورتوں کی فراہمی یقینی بنانی چاہئے۔ خادم اعلیٰ پر سڑکوں، پلوں، اورنج ٹرین بنانے کا بھوت سوار ہے جبکہ شہنشاہ پنجاب نے جمہوریت کے نام پر صوبے میں آمریت قائم کر رکھی ہے۔

مزیدخبریں