بجلی بندش جاری، گیس بھی نایاب ، اسلام آباد، لاہور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے، بل نذر آتش

لاہور+ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نمائندگان+ ایجنسیاں+ راجہ عابد پرویز) بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری، گیس بھی نایاب، اسلام آباد، لاہور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے۔لاہور میں اتوار والے روز گیس کی طویل بندش نے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کردیا۔ لاہور ایک چوتھائی حصے میں گیس صبح 7بجے غائب ہوئی اور رات تک گیس سے علاقے کے مکین محروم رہے۔ اقبال ٹائون (گلشن بلاک، نیلم بلاک، آصف بلاک)، سمن آباد،گلشن راوی ، چوبرجی ساندہ، مصری شاہ ، مغل پورہ ، بند روڈ ، پاکستان منٹ، داروغہ والا، شاہ جمال، جوہرٹائون، منصورہ، فیض باغ ، صحافی کالونی ، ہربنس پورہ، ٹائون شپ ، والٹن اور دیگر میں گیس 10گھنٹے مسلسل غائب رہی۔ شہریوں نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کیا ہے۔ شہری ایل پی جی کا استعمال پر مجبور ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب بجلی کی8گھنٹے تک لوڈشیڈنگ بھی جاری رہی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق محلہ سیالوی ٹائون میں دو ماہ سے سوئی گیس کی سپلائی بند‘ مکین گھروں میں کھانا تیار کرنے سے بھی محروم ہوگئے‘محکمہ کا عملہ سپلائی لائن غائب ہوگیا، محلہ سیالوی ٹائون گلی نمبر1 گلہ تھیڑو والہ جناح روڈ میں گذشتہ دو ماہ سے گیس کی سپلائی بند چلی آرہی ہے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق ننکانہ صاحب اور گردونواح میں بجلی اور سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری، عوام کا اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ شہر میںبجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16جبکہ دیہات میں 18گھنٹے سے بھی تجاوز کرگیا ہے، مختلف علاقوں جن میں ہائوسنگ کالونی، محلہ کیارہ صاحب، محلہ بالیلا، شورہ کوٹھی روڈ، اسٹیڈیم روڈ، محلہ رسول نگر، بشیر بھٹی روڈ، محلہ عثمانی کھوہ ودیگر علاقے شامل ہیں سوئی گیس کی مسلسل بندش اور کم پریشر نے عوام کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں۔ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے بتایا حکومت توانائی بحران پر قابو میں بُری طرح ناکام ہیں۔ اسلام آباد ‘ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے پر احتجاجی مظاہرے‘خواتین اور بچے بھی حکمرانوں کے پالیسوں اور لوڈشیڈ نگ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے جبکہ خواتین خالی برتن ہاتھوں میں پکڑ کر حکمرانوں کو بددعائیں دیتیں رہیں۔ اسلام آباد میں خواتین بچوں سمیت سڑکوں پر نکل آئیں ‘لاہور میں ہونیوالے مظاہروں میں شرکاء بجلی اور گیس کے بل بھی نذر آتش کرتے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ون تھری میں خواتین دن 10 بجے کے قریب سڑکوں پر نکل آئیں اور احتجاج شروع کر دیا۔این این آئی کے مطابق ملتان میں مظاہرین نے مرغابن کر انوکھا احتجاج کرنے کے ساتھ محکمہ سوئی گیس کا علامتی جنازہ بھی نکالا ، بجلی لوڈ شیڈنگ بھی جاری رہی۔ خواتین نے گیس کے چولہوں کے نیچے لکڑیا ں جلا کر چائے بنا کر احتجاج کیا۔ لاہور میں گوشت مارکیٹ، منصورہ ،سنت نگر ، کاپریس سٹور ،راج گڑھ ،گھوڑے شاہ سمیت دیگر مقامات پر گیس کی عدم دستیابی کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔ لیسکو سمیت دیگر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے مینٹی ننس کے نام پر چار سے چھ گھنٹے کا مسلسل شٹ ڈائون کیا۔ صباح نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جانے لگا۔ آن لائن کے مطابق جڑواں شہروں کے رہائشیوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ علاوہ ازیں آئی این پی کے مطابق چشمہ نیوکلیئر پلانٹ سی ون اور سی ٹی نے چھ روز بند رہنے کے بعد کام شروع کر دیا، دونوں پلانٹس سے نیشنل گرڈ کو 715 میگا واٹ بجلی کی فراہمی شروع ہو گئی۔ نامہ نگار کے مطابق سرگودھا میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا شہریوں کا برتن اٹھا کر احتجاج، یونیورسٹی روڈ بلاک کر دی حکومت کے خلاف نعرے۔راولپنڈی اسلام آباد میں سیاسی بنیادوں پرگیس کی غیر منصفانہ تقسیم ہونے لگی ہے، راولپنڈی کے درجنوں پوش علاقوں اور اسلام آباد کے سیکٹروں میں گیس کا لوڈ سخت سردی کے باوجود کم نہیں ہوا جبکہ جڑواں شہروں میں سینکڑوں آبادیوں میں اکتوبر سے گیس بند ہے۔ ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی کے طرف سے صبح 6 بجے سے 9 بجے تک اور شام 6بجے سے 9بجے تک کا شیڈول بھی چند علاقوں تک محدود ہے، گیس کی بندربانٹ سے سب سے زیادہ متاثرہ ہونے والی غریب آبادیاں ہیں جہاں گزشتہ سال اکتوبر سے گیس بند ہے دوسرے نمبر پر متوسط آبادیاں ہیں جہاںگیس چند گھنٹے لوڈشیڈنگ کے تحت دی رہی ہے جبکہ تیسرے نمبر پر پوش علاقے ہیں جہاں گیس کا لوڈ کبھی کم نہیں ہوتا، یہاں سے بچنے والی گیس انڈسٹری کے علاوہ کمرشل صارفین کو بھی دی جا رہی ہے۔گیس کی بندر بانٹ سے وزارت پٹرولیم بخوبی آگاہ ہے، وزارت کے پاس کوئی میکانزم موجود نہیں، گیس کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے لوگوں میں حکومت کے خلاف شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ نوائے وقت نے جنرل منیجر سوئی نادرن گیس کمپنی راولپنڈی کو تین سوال ایس ایم ایس کئے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...