میرٹ کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی، حکمرانوں کی توجہ صرف ’’پیسہ‘‘ بنانے پر ہے: عمران

Jan 25, 2016

لاہور (آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی والوں کے بچے باریاں لینے کے لیے تیار ہورہے ہیں‘ حکمرانوں کی توجہ صرف ’’پیسہ‘‘ بنانے پر مرکوز ہے اسکے علاوہ انکے پاس کوئی ویژن نہیں‘ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ جیسے مسائل ملکی ترقی میں رکاوٹ ہیں‘ مسلم لیگ ن صرف پنجاب کو پاکستان سمجھتی ہے جو ملک اور قوم کے مفاد میں نہیں‘ میرٹ کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی‘ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی جیسی جماعتیں اس لئے احتساب اور جوابدہی کا نظام اپنے اندر نہیں لے کر آئیں کیونکہ یہ خاندانی جماعتیں بن چکی ہیں‘ موجودہ حکمرانوں کے اقتدار میں آنے سے کر پشن‘ مہنگائی‘ بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے‘26 اپریل کو پارٹی کی 20 ویں سالگرہ سے قبل ممبر شپ مہم اور انٹرا پارٹی الیکشن کے تمام مراحل طے کرلئے جائیں گے‘ پاکستان کی تاریخ میں صرف تحریک انصاف ایک جمہوری پارٹی ہے جس میں انٹرا پارٹی الیکشن ہوتے ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران عمران خان نے کہا مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی فیملی پارٹیاں بن چکی ہیں جہاں پارٹی کے سربراہ بادشاہ بن کے بیٹھے ہوئے ہیں لیکن جمہوری کلچر صرف تحریک انصاف میں ہے۔ انہوں نے کہا جن معاشروں میں میرٹ نہیں ہوتا ان میں گورننس بھی نہیں ہوتی اب ہم موبائل فون کا طریقہ بھی اختیار کریں گے مجھے یقین ہے آئندہ دنیا بھر میں موبائل فون کے ذریعے ہی الیکشن ہوا کریں گے۔ 25 اپریل سے قبل پارٹی الیکشن کرائے جائیں گے‘ مغربی ملکوں نے بہترین جمہوریت کی وجہ سے ہمیں پیچھے چھوڑ دیا کیونکہ اکثر مسلمان دنیا میں بادشاہت اور آمریت ہے صرف نام کی جمہوریتیں ہیں۔ پیپلزپارٹی جو پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ نچلی سطح کی وفاقی پارٹی تھی چھوٹی سی پارٹی رہ گئی ہے۔

مزیدخبریں