ریو ڈی جنیرو(سپورٹس ڈیسک )برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کے حکام نے اولمپکس گیمز کے دوران زِکا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔مچھر سے پیدا ہونے والی بیماری کے پھیلاؤ سے برازیل اور بیرون ممالک گہری تشویش پائی جاتی ہے۔زِکا وائرس مچھر کے ذریعے پھیل رہا ہے اور اس کی وجہ سے پیدائش میں بڑے نقائص سامنے آ رہے ہیں۔حکام نے کہا ہے کہ رواں سال ریو میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں سے چار ماہ قبل جانچ کا کام شروع ہوگا اور مچھروں کے پیدا ہونے کے ذرائع سے چھٹکارا حاصل کر لیا جائے گا۔اس کے علاوہ اولمپکس کے دوران بھی روزانہ صفائی کا خاص خیال رکھا جائے گا۔لیکن کھلاڑیوں کی صحت کو سامنے رکھتے ہوئے وائرس مارنے کے لیے دھونی دینے کا کام صرف مخصوص مقامات پر کیا جائے گا۔اس کے علاوہ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ گیمز اگست ماہ ایسے وقت ہو رہے ہیں جو خشک اور سرد ہوں گے جس دوران مچھروں کی افزائش نسبتا کم ہی ہوتی ہے اور اس وائرس سے ہونے والے کیسز کم ہی سامنے آتے ہیں۔زِکا نامی یہ وائرس مچھرکے کاٹنے سے جسم میں منتقل ہوتا ہے۔ اس مچھر کی وجہ سے ڈینگی بخار اور چکنگنیا (گرم ملکوں میں مچھر کے ذریعے پھیلنے والی ایک بیماری ) نامی بیماری بھی پھیلتی ہے۔یہ بیماری 1940 میں پہلی بار افریقہ میں سامنے آئی تھی اور اب یہ لاطینی امریکہ میں پھیل رہی ہے۔
برازیلی شہر ریوڈی جنیرو میںاولمپکس سے قبل زِکا وائرس سے بچاؤ کا منصوبہ
Jan 25, 2016