لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائی کورٹ نے کمسن گھریلو ملازمین کے تحفظ کے لئے قانون سازی کا حکم دے دیا ہے۔ چیف جسٹس منصور علی شاہ نے مقامی شہری علی عمران کی درخواست پر سماعت شروع کی تو درخواستگزار کے وکیل شیراز ذکاء نے بتایا کہ پنجاب میں فیکٹریوں میں کام کرنے والے بچوں کے بارے میں تو قانون موجود ہے جبکہ کمسن گھریلو ملازمین کے تحفظ کیلئے کوئی قانون نہیں ہے۔ وکیل نے نشاندہی کی کہ قانون موجود نہ ہونے کی وجہ سے گھریلو ملازمین پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اس لیے ضروری ہے کہ کمسن گھریلو ملازمین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔