لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس میں موجود 600 کرپٹ لوگ جیل چلے جائیں تو پاکستانی قوم کی کرپشن سے ہمیشہ کیلئے جان چھوٹ جائے گی، بدعنوانی کے شیش ناگوں اور بچھوئوں کو پکڑے بغیر ملک سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوسکتا، وزیر اعظم کے بعد موجودہ اور سابقہ حکمرانوں سمیت سب کو احتساب کے کٹہرے میں لائیں گے۔ ہمارے وکیل کے دلائل کے جواب میں وزیر اعظم کے وکیل وضاحتیں پیش کررہے ہیں۔ وزیر اعظم اعتراف کرچکے کہ ان کے بچوں کے نام پانامہ لیکس میں ہیں۔ کرپشن کنگز کے گرفت میں آتے ہی لوٹا گیا قومی سرمایہ ملک میں آنا شروع ہوجائے گا۔ سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف کرپشن سے ہاتھ رنگنے والے اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہیں اور دوسری طرف غریب عوام بھوک ،غربت ،مہنگائی ،جہالت اور بیماریوں میں جکڑے ہوئے ہیں۔ کروڑوں بچے تعلیم سے محروم ہیں اور ہوٹلوں میں گندے برتن دھونے اور سائیکل کی دکانوں اور ورکشاپوںپر مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ حکمران قوم کی لوٹی گئی دولت واپس کرنے کو تیار نہیں۔ کرپشن کے خلاف ہماری تحریک اپنے منطقی انجام تک ضرور پہنچے گی اور جس نے بھی قومی خزانے کو لوٹا ہے اسے ایک ایک پائی واپس کرنا پڑے گی۔ دریں اثنا ء اسلام آباد میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ سعودی عرب امت مسلمہ کا روحانی مرکز ہے۔ رابطہ عالم اسلامی کو امت کی قیادت کا حق ادا کرتے ہوئے امت میں اتحاد و یکجہتی اور وحدت کو آگے بڑھانا چاہیے۔ سعودی عرب اور پاکستان کا تعلق دوملکوں یا قوموں کا تعلق نہیں بلکہ ایک نظریہ اور ایمان کا تعلق ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی ۔ سراج الحق نے کہا کہ اگر کسی نے اصحاب الفیل کی بدبختی پر چلتے ہوئے سعودی عرب پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو دنیا بھر کے مسلمان ابابیلوں کی طرح سعودی عرب کی حفاظت کیلئے پہنچ جائیں گے۔ تقریب میں سعودی سفیر محمد مطہر العشبی، پروفیسر ساجد میر ،محمود اچکزئی ، مولانا عبد الغفور حیدری، مشاہد حسین بھی موجود تھے۔