شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج آف شیخوپورہ فار بوائز (ڈگری کالج) کے سینکڑوں طلباء کا کالج کے پرنسپل کے ناروا سلوک کے خلاف ٹریفک بلاک کرکے داخلے نہ بھجوانے اور بلاوجہ جرمانے کرنے پر احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج آف شیخوپورہ فار بوائز (ڈگری کالج) کے طلباء نے سرگودھا روڈ ایس پی چک بلاک کرکے احتجاج کو دوسرے روز بھی جاری رکھا۔ طلباء کا کہنا ہے کہ ہمارے جرمانے معاف کرکے کالج کی طرف سے ہمارے داخلے نہ بھجوائے گئے تو احتجاج جاری رکھیں گے اور جب پرنسپل اور پروفیسرز کالج میں داخل ہونے لگیں تو طلباء نے ان کی گاڑی کے شیشے توڑ ڈالے اور بعض پروفیسرز کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ ایس ایچ او اے ڈویژن عمر شیراز گھمن نے بگڑتے حالات کو دیکھ کر پولیس کی مزید بھاری نفری طلب کر لی اور حالات پر قابو پانے کے بعد پرنسپل کالج سے طلباء کے مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا۔
شیخوپورہ: طلباء کا داخلہ نہ بھجوانے کیخلاف احتجاج جاری‘ پروفیسرز پر تشدد‘ پرنسپل کی گاڑی کے شیشے توڑ دیئے
Jan 25, 2017