اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں) جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، سعد رفیق‘ دانیال عزیز، محمد زبیر، طلال چوہدری، مائزہ حمید، عاشق کرمانی اور محسن رانجھا نے کہا ہے عمران خان میں جھوٹ بولنے کی صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہے جھوٹ بولنے والا کام نہیں کر سکتا۔ پانامہ پیپرز لیکس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا عمران خان ہر وقت مریم نواز پر جھوٹے الزامات لگا کر ان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ عمران خان اور دیگر کا سپریم کورٹ میں جمع کرائی پٹیشن میں مریم نواز کا نام تک نہیں اور عدالت کے باہر مریم نواز پر الزامات لگاتے ہیں ان کے پاس ثبوت نہیں ہیں تو الزامات کیوں لگا رہے ہیں یہ ایک حقیقت ہے عدالت کے اندر اور باہر یہ جھوٹ اور ہم سچ کا دفاع کر رہے ہیں ۔ عمران خان کا کام جھوٹے الزامات لگانا اور عدالت میں معافی مانگ لینا ہے معافی مانگنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے پہلے الیکشن کمیشن میں معافی مانگی اور اب مکر گئے ہیںالیکشن کمیشن نے توہین عدالت کے کیس میں عمران خان کو بلا لیا ہے ۔ سعد رفیق نے کہا سیاسی مخالفین اور میڈیا کے کچھ لوگ مریم نواز کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں کچھ مریم نواز کے کارٹون اور بعض چینل تمسخر اڑا رہے ہیں یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے ۔تینوں مدعیوں نے آسمان سر پر اٹھا رکھا تھا عدالت میں ان کی پٹیشن میں کچھ نہیں نکلا ۔ سراج الحق اور شیخ رشید کی پٹیشن میں مریم نواز کا ذکر تک نہیں صرف عمران خان کی پٹیشن میں ذکر کیا گیا مگر کوئی ثبوت نہیں دیا گیا ۔ ان تینوں کے پلے کچھ نہیں ۔ مخالفین پانامہ لیکس کو سیاسی طور پر لڑ رہے ہیں ان کے پاس ردی کے کاغذوں کے علاوہ کچھ نہیں۔ ہم خاموش تھے مگر عمران خان کو عزت راس نہیں آ رہی تھی اس لیے ہمیں بولنا پڑ گیا ۔ عمران خان کا انداز بدتمیزی کا ہے اور جب ہم ان کے انداز میں جواب دیتے ہیں تو کہتے ہیں دھواں اٹھ رہا ہے ۔ ہمیں مقابلہ کرنا آتا ہے ہم نے پہلے بھی میچ کھیلے ہیں اور عوام کو معلوم ہے عمران خان کون سے میچ کھیلتے رہے ہیں ۔ عمران خان نواز شریف سے سوال کرتے ہیں کبھی عوام کو بتائیں ان کی اپنی کمائی کیا ہے عالیشان گھر میں کس طرح رہ رہے ہیں ۔ طارق فضل چوہدری نے کہا ہمارے مخالفین کیس میڈیا پر لڑنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ مریم نواز پر اس لیے الزامات لگائے جا رہے ہیں ان کو نظر آ گیا ہے کہ وہ مستقبل کی لیڈر ہیں ۔ عمران خان بڑالیڈر بنا پھرتا ہے جو بچوں سے ڈرتا ہے ۔ طلال چوہدری نے کہا عمران خان جب بات کرنے کے آداب سیکھ لیں گے تو نواز شریف آپ سے با ت کر لیں گے ۔ نواز شریف آپ سے اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ سی پیک ، صحت ، تعلیم اور پاکستان کی بات کریں گے۔ نواز شریف ترقی کے فیتے کاٹ رہے ہیں اور عمران خان لوگوں کی جیب کاٹ رہا ہے عمران خان آئیں مل کر پاکستان کی ترقی کے لیے فیتے کاٹیں ۔ محمد زبیر نے کہا پاکستانی قوم کو مبارک ہو آج کراچی سٹاک ایکسچیج نے پچاس ہزار کی حد کراس کر لی ہے اور بیرون ملک سے سرمایہ پاکستان آ رہا ہے۔ مائزہ حمیدنے کہا عمران خان مبارک ہو وزیر اعظم نے میٹرو بس ملتان کا افتتاح کر کے ایک اور فیتہ کاٹ دیاہے۔ صباح نیوز کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین نے اپنے کیسوں میں حکم امتناعی لیا ہوا ہے تحریک انصاف کو احتساب کی بات ہی نہیں کرنی چاہیے وزیر اعظم کہہ چکے ہیں عدالت کا ہر فیصلہ قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا عمران خان کی پٹیشن میں مریم نواز کا کہیں ذکر ہی نہیں ‘الزامات لگا کر معافی مانگنا عمران خان کی عادت بن چکی ‘ الیکشن کمیشن کے بعد سپریم کورٹ میں بھی جلد عمران خان معافی مانگیں گے۔
تینوں مدعیوں نے آسمان سر پر اٹھا رکھا تھا‘ عدالت میں کچھ نہیں نکلا: مسلم لیگ ن
Jan 25, 2017