لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم مزید سرد ہوگیا ۔ کوئٹہ میں بھی برفباری نے خنکی بڑھا دی ،خیبر پختونخوا میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ،شدید برفباری کے باعث لواری ٹنل بند ہے اور دونوں اطراف گاڑیاں پھنس گئی ہیں جبکہ مسافر محصور ہو کر رہ گئے ہیں .محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا ۔اسلام آباد ، قصور ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ ، فیصل آباد ، کاہنہ ، کندیاں ، شجاع آباد ، سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس نے خنکی بڑھا دی۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اپنے ساتھ سردی بھی لائی ، لاہور میں منگل سے شروع ہونیوالا بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس نے موسم کو مزید سرد کر دیا ۔ کراچی میں بھی بوندا باندی سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔ کوئٹہ میں بھی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس نے خنکی بڑھا دی ہے ۔ شہر میں ہر طرف سفیدی ہی سفیدی نظر آ رہی ہے ، لوگ گھروں میں دبک کر رہ گئے ، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں راولا کوٹ ، نیلم ، حویلی اور لیپہ میں برفباری ہوئی جس سے پہاڑوں نے ایک بار پھر سفید چادر اوڑھ لی ۔ مری میں برفباری کے بعد سیاحوں نے اپنا قیام بڑھا دیا ہے ۔ ہوٹلوں میں بھی ہاﺅس فل ہے لیکن پھر بھی لوگوں کی بڑی تعداد ملکہ کوہسار کے دیدار کیلئے آ رہی ہے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سردی ابھی جانیوالی نہیں ، پنجاب اور بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ آج جمعرات تک جاری رہے گا ۔