اسلام آباد (صباح نیوز+ آئی این پی) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی درخواست پر ہجویری ٹرسٹ اور فائونڈیشن کے منجمد اکائونٹس جزوی بحال کر دئیے ۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ اکاونٹس کی رقم فلاحی منصوبوں پر خرچ کی جا سکتی ہے ۔ اسحاق ڈار کی جانب سے ٹرسٹ اور فاونڈیشن کے اکاونٹس بحال کرنے کی درخواست کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی ۔ سماعت کے دوران اسحاق ڈار کے وکیل قاضی مصباح نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہجویری ٹرسٹ یتیم بچوں کا ادارہ ہے جب سے یہ کیس بنا ہے ہجویری ٹرسٹ کے اکاونٹس غیر فعال ہو گئے ہیں۔ ہم نے تین سال کے اخراجات کے حوالے سے دستاویزات جمعہ کرا دی ہیں۔ ڈپٹی نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق نے عدالت کو بتایا یہ حقیقت ہے کہ ہجویری ٹرسٹ میں یتیم بچے ہیں ادارہ اچھے مقاصد کے لیے بنا لیکن اس کا غلط استعمال کیا گیا جبکہ اسحاق ڈار کی جائیداد منجمد کرنے کے معاملہ پر نیب نے عدالت میں جواب جمع کروایا دیا ۔ عدالت نے معاملہ پر بحث کے لیے مزید سماعت 31 جنوری تک ملتوی کر دی ۔