اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے چینی سفیر نے گزشتہ روز بنی گالہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سینئر رہنما جہانگیر ترین، ڈاکٹر شہزاد، علیم خان اور فواد چودھری بھی موجود تھے۔ اعلامیہ کے مطابق چینی سفیر نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات پر بہت مسرت ہوئی۔ تحریک انصاف پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت ہے۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ قریبی تعلقات کے خواہاں ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سیاست سے بالاتر ہے۔ پاکستان چین دوستی کی جڑیں ان کے عوام میں ہیں۔ سی پیک قومی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور اس پر مکمل اعتماد ہے۔ تحریک انصاف سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے۔ افغانستان میں امن کیلئے چین کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی مارچ کے آخر یا اپریل کے اوائل میں چین کا دورہ کریں گے۔ قبل ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر خواجہ آصف کی نااہلی یقینی ہے، تمام دستاویزی شواہد عدالت کے روبرو پیش کیے جائیں۔ عثمان ڈار نے عمران سے ملاقات کی اور خواجہ آصف کی نااہلی کیس کی سماعت سے قبل اہم پیش رفت سے آگاہ کیا کہ خواجہ آصف کے غیر ملکی اکائونٹ میں کروڑوں روپے منتقل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ خواجہ آصف نے ان بے نامی ٹرانزیکشنز کے ذریعے منی لانڈرنگ کی جس کے لیے ان کی اہلیہ کے اکائونٹس بھی استعمال ہوئے۔ عثمان ڈار نے عمران کو بتایا خواجہ آصف نے نواز شریف کا فرنٹ مین بن کر منی لانڈرنگ کی جس کے نا قابل تردید دستاویزی شواہد سامنے آئے ہیں اور پی ٹی آئی نے حاصل شدہ دستاویزات میڈیا کو جاری کردی ہیں۔