اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ صباح نیوز) وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت نے پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تعیناتی کی منظوری دی۔ جسٹس (ر) اصغر حیدر کا بطور پراسیکیوٹر جنرل نیب تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کی یقین دہانی کے بعد پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تقرری کا کیس نمٹا دیا تھا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تقرری کیس کی سماعت کی۔ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 8 ناموں میں سے جسٹس (ر) اصغر حیدر کا نام پراسیکیوٹر جنرل نیب کے عہدے کیلئے منتخب کیا ہے اور اس کی ایڈوائس صدر مملکت کو بھجوا دی ہے۔ آئندہ ایک دو روز میں صدر مملکت سے ایڈوائس کی منظوری اور اس کے بعد تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ وزارت قانون نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔