اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاق تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت کااجلاس چیئرپرسن راحیلہ مگسی کی زیر صدارت ہوا۔ تیرہ میں سے صرف تین ممبران حاضر ہوئے،ایچ ای سی حکام نے سینٹ قائمہ کمیٹی تعلیم و تربیت کوبتایاکہ معیار پر پورانہ اترنے پر مختلف یونیورسٹیز میں پڑھائے جانے پر 500کے قریب پروگرامز کو بند کیا گیا ہے غیر قانونی اداروں کی لسٹ ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر دی گئی ہے طلبہ رجسٹرڈ اداروں میں ہی داخلے لیںصرف اخبار میں آنے والے اشتہارات پر داخلے نہ لئے جائیں۔ بدھ کو سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاق تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت کااجلاس چیئرپرسن راحیلہ مگسی کی زیر صدارت میں ہوا۔ شیخ عتیق کی عدم موجودگی پر ایجنڈا آئٹم نمبر ایک کوموخرکر دیا گیا جس میں وفاقی اردو یونیورسٹی ترمیمی بل زیر بحث لایاجانا تھا۔ سینیٹر مظفر حسین شاہ کی طرف سے ایریا سٹڈی سنٹر ترمیمی بل پیش کیا گیا۔کمیٹی میں وزارت قانون کے سیکرٹری کی عدم موجودگی پر اراکین کمیٹی نے برہمی کااظہارکیا۔