بھارت: متنازع فلم ’’پدماوت‘‘ کے خلاف گجرات میں پھر پُرتشدد مظاہرے شروع

Jan 25, 2018

گجرات (نوائے وقت رپورٹ )بھارت کی ریاست گجرات میں سنجے لیلا بھنسالی کی متنازعہ فلم پدماوت کے خلاف پر تشدد مظاہرے شروع ہوگئے۔ تین شاپنگ مالز کو آگ لگا دی گئی جبکہ سینما گھروں پر حملے کئے گئے اور سڑکوں پر توڑ پھوڑ کی گئی۔ انتہا پسند ہندو باز نہ آئے، سپریم کورٹ کی جانب سے نمائش کی اجازت دینے کے باوجود فلم پدماوت کے خلاف گجرات میں مظاہرے شروع ہو گئے۔ میڈیا کے مطابق احمد آباد میں مظاہرین نے ان سینما گھروں میں توڑ پھوڑ جہاں فلم کی نمائش کی جانا تھی۔ مظاہرین نے تین شاپنگ سنٹروں کو بھی نشانہ بنایا اور آگ لگا دی۔ درجنوں گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے۔ سڑکوں پر ٹائروں اور دوسری اشیاء کو آگ لگا کر ٹریفک معطل کر دی۔ واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے مدھیہ پردیش اور راجستھان کی جانب سے فلم ’’پدماوت‘‘ پر پابندی عائد کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ فلم پر کوئی پابندی نہیں لگے گی۔ عدالتی حکم کے بعد فلم ف’پدماوت‘‘ چند تبدیلیوں کے بعد آج 25جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔

مزیدخبریں