انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان‘ جنوبی افریقہ کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

Jan 25, 2018

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )انڈر 19ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے علی زریاب کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو یقینی فتح سے محروم کرتے ہوئے تین وکٹ سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا جسے باؤلرز نے بالکل درست ثابت کر دکھایا۔شاہین آفریدی اور محمد موسیٰ کی عمدہ باؤلنگ کے سبب جنوبی افریقہ کی ٹیم صرف 43 رنز پر 43 رنز سے محروم ہو گئی لیکن اس موقع پر وینڈائل میک ویٹو پاکستانی باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے۔انہوں نے 60 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ جین ڈیو پلیسی کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 59 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا، ڈیو پلیسی 21 اور جیسن نیمنڈ نے 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر 189 رنز کا مجموعہ سکور بورڈ پر سجایا۔پاکستان کی جانب سے محمد موسیٰ نے تین اور شاہین آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستانی ٹیم بھی کچھ زیادہ بہتر بیٹنگ پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے ہوئے 111 رنز پر پانچ کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی جس کے بعد ٹیم پر شکست کا خطرہ منڈلاتا ہوا نظر آنے لگا لیکن زریاب نے عمدہ بیٹنگ سے جنوبی افریقہ کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔نوجوان بلے باز نے 26 رنز بنانے والے محمد طحہٰ کے ساتھ 65 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا۔پاکستان نے علی زریاب آصف کے ناقابل شکست 74 رنز کی اننگز کی بدولت 13 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر کے تین وکٹ سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔علی زریاب کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مزیدخبریں