استقلال پارٹی کے زیر اہتمام ائیرمارشل (ر) اصغر خان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

لاہور(وقائع نگار خصوصی) استقلال پارٹی کے زیر اہتمام لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے کراچی ہال میں ائیر مارشل(ر) اصغر خان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس میں استقلال پارٹی کے چیئر مین سید منظور علی گیلانی نے صدارت کی، مہمان خصوصی سابق وفاقی وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری تھے دیگر مقررین میں اصغر خان کے صاحبزادے علی اصغر خان ، مجیب الرحمان شامی ، بیگم مہناز رفیع ، قاری زوار بہادر ،احسان وائیں ، ملک حیدر عثمان ، جسٹس ( ر) اللہ نواز ، ذوالقرنین راجہ ، ملک منصف اعوان ، سید تنویر عباس تابش سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ مقررین نے کہا کہ اصغر خان نے اپنے ذاتی زندگی کو پش پردہ ڈال کر قومی مفادات کو ترجیح دی اور نتائج کی پرواہ کئے بغیر قوم کو درست سمت میں رہنمائی کی، اصغر خان نے پاک فضائیہ اور پی آئی اے کی تعمیر کو ایک چیلنج سمجھ کر قبول کرتے ہوئے انہیں ترقی دینے میں اپنا کردار ادا کیا۔ پاکستان کی سیاست میں اصغر خان کے کردار کو جتنا سراہا جائے کم ہے، انہوں نے مشرقی پاکستان کے حوالے سے کہا تھا کہ اگر ایک بھی گولی چلی تو پاکستان ٹوٹ جائے گا انہوں نے عوام کے منتخب نمائندوں کو اقتدار کی منتقلی نہ کرنے پر یحییٰ خان اور اس کے حواریوں کی مذمت کی ان کی طویل سیاسی جدوجہد مشکلات کی پرواہ کئے بغیر جاری رکھی عوام کو درست سمت دکھائی۔

ای پیپر دی نیشن