اسلام آباد (نامہ نگار) انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت نے ممبئی حملہ کیس میں استغاثہ کے مزید دو گواہوں کے بیان قلمبند کر لئے، انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت نے ممبئی حملہ کیس میں استغاثہ کے مزید دو گواہوں کے بیان قلمبند کر کے سماعت 31 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔بدھ کو انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ممبئی حملہ کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران استغاثہ کے مزید دو گواہوں نے بیان قلمبند کرادئیے۔گواہوں میں انسپکٹر بلال نعیم اور عمران اختر نے بیان قلمبند کرادیئے ہیں۔گواہوں کے بیان پر ملزمان کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے جرح بھی مکمل کرلی ہے۔ملزمان کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے استدعا کی کہ تفتیشی افسر کو بیان قلمبند کرانے کیلئے طلب کیا جائے جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ تفتیشی افسر کو ہمیشہ آخر میں بلایا جاتا ہے، ہم کیوں اس طریقہ کار کو ختم کریں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 31جنوری تک ملتوی کردی۔ دریں اثناء اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی انسداد دہشت گردی کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست عدم پیروی کی بناء پر خارج کر دی ہے۔ بدھ کو عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی اس موقع درخواست گزار کی جانب سے کوئی بھی پیش نہ ہوا جس پر عدالت نے مذکورہ درخواست کوعدم پیروی کی بناء پرخارج کر دیا ۔واضح رہے کہ ذکی الرحمان لکھوی نے بھارتی تحقیقاتی رپورٹ کو کیس کا حصہ بنانے کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کررکھا تھا۔ ذکی الرحمان لکھوی ممبئی حملہ کیس میں نامزد ملزم ہیں۔