ملتان (لیڈی رپورٹر) میئر میونسپل کارپوریشن ملتان چودھری نویدالحق ارائیں نے کہا ہے کہ امن‘ مذہبی ہم آہنگی‘ معاشرتی برداشت اور مثبت رویوں کے فروغ کے لئے جدوجہد کرنے والی شخصیات ہماری قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں ان کی خدمات کا اعتراف ملکی وقار کا آئینہ دار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پیس فورم کے زیراہتمام امن ایوارڈ کی تقسیم کے موقع پر کیا جبکہ اس موقع پر معروف شاعر شاکرشجاع آباد‘ پروفیسر انورجمال‘ سید علی رضا گردیزی‘ ڈاکٹر محمدامین‘ مسیح اﷲ جام پوری‘ سلیم قیصر‘ منور خورشید صدیقی‘ عابدہ بخاری‘ حمیدہ بانو کو مختلف شعبہ جات میں امن کے فروغ کے حوالے سے ایوارڈ دئے گئے۔ اس موقع پر شاہد محمود انصاری‘ میاں نعیم ارشد‘ امتیازحسین و دیگر بھی ہمراہ تھے۔ میئر ملتان چودھری نویدالحق ارائیں نے کہا کہ پاکستانی قوم امن کی پیامبر ہے امن پسند ہونے کے ساتھ ساتھ پوری قوم نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔