لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے سانحہ ساہیوال پر ان کیمرہ بریفنگ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، حکومت کب جوڈیشل کمیشن بنائے گی تب بہت دیر ہوجائے گی۔ حکومت کتنی سنجیدہ ہے اس کا یہاں سے پتہ چلتا ہے کہ اہم ایشو پر ان کیمرہ بریفنگ میں قائد ایوان عثمان بزدار ہائوس میں موجود نہیں تھے۔ اس دل دہلا دینے والے سانحہ پر قوم حقائق جاننا چاہتی ہے اس کے لیے بلا تاخیر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ ہم ان کیمرہ بریفنگ سے مطمئن نہیں، ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، ہم اس ہولناک ایشو پر سیاست نہیں کرنا چاہتے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن یتیم بچوں کو انصاف دلانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ملزموں کو اسی جگہ پر پھانسی دی جائے جہاں یہ سانحہ ہوا تھا ورنہ بچوں کے یہ زخم تازہ رہیں گے، اس واقعہ پر قوم بے چین ہے اور حقائق جاننا چاہتی ہے۔ جے آئی ٹی وقت کا ضیاع ہے، فوری طور پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، ان کیمرہ بریفنگ کے ذریعے حقائق کو چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مجھے تایا نواز شریف کو ملنے جیل جانا ہوتا ہے ان کی صحت ٹھیک نہیں جس پر تشویش ہے، میر ے تایا کی طبیعت ٹھیک نہیں، میں انہیں ملنے نہیں گیا، یہاں ان کیمرہ بریفنگ کے لئے آیا ہوں لیکن قائد ایوان نہیں آئے۔ حقائق اس وقت تک سامنے نہیں آئیں گے جب تک جوڈیشل کمشن نہیں بنتا۔ میں نے سانحہ ساہیوال پر ابھی تک کوئی سیاسی بات نہیں کی، جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوسکے۔ میں پارلیمانی روایات کا امین ہوں۔ وزراء کی طرف سے بیان دیکر مقتولین کے ورثاء کے زخموں پر نمک چھڑکا جارہا ہے۔ الزام تراشی سے یتیم بچوں کو انصاف نہیں ملے گا۔ انصاف کا واحد حل جوڈیشل کمیشن ہے۔ مقتول خلیل کے بچے بہت معصوم ہیں جب میں ان سے ملنے ان کے گھر گیا تو ان کی آنکھوں سے آنسو گررہے تھے۔ جب تک ملزموں کو پھانسی نہیں ہوتی بچوں کو سکون نہیں ملے گا۔ پولیس والے جب خود جے آئی ٹی کا حصہ ہوں گے تو انصاف کہاں سے ملے گا۔
سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی وقت کا ضیاع، جوڈیشل کمشن بنایا جائے: حمزہ شہباز
Jan 25, 2019