وزیر اعظم کا کچن، آٹا کچن مافیا چلا رہا ہے، حافظ نعیم

کراچی(نیوزرپورٹر)مہنگائی و بے روزگاری ،گیس ، آٹا اور چینی کے بحران،بجلی اور پیٹرول کے سمیت دیگر اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کراچی میں متعدد اہم پبلک مقامات اورمساجد کے باہر مظاہرے کئے گئے ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مسجد نعمان ، لسبیلہ چوک پر مرکزی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کا کچن‘ آٹا اور چینی مافیا چلا رہے ہیں ، عارف نقوی اور جہانگیر ترین کروڑوں دے کے اربوں روپے عوام سے لوٹ رہے ہیں ،وزیر خوراک خسروبختیار کی اپنی شوگر ملز چل رہی ہیں ، پی ٹی آئی حکومت نے ملک میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کر دیئے ۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ 70برس میں مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھ رہے ہیں۔ جماعت اسلامی ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے ۔ جنید مکاتی نے کہا کہ عمران خان 2لاکھ تنخواہ لینے کے
بعد بھی مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں ، غریب آدمی 15ہزار روپے میں اپنا گھر چلانے پر مجبور ہے ، ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والے بتائیں کیا مدینہ کی اسلامی ریاست میں لاکھوں افرد کو بے روزگار کیا گیا تھا ؟۔ مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلے میں فیڈرل بی ایریا ، نارتھ ناظم آباد ،نارتھ کراچی ، ناظم آباد ، اورنگی ٹائون ، بلدیہ ٹائون ، گلشن معمار ، سرجانی ٹائون ، لیاری ، گارڈن ایریا ، کیماڑی ، لانڈھی ،کورنگی ، قائد آباد ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، شاہ فیصل کالونی ، ملیر اور دیگر علاقوں میں بھی اہم پبلک مقامات اورمساجد کے باہر بڑے پیمانے پر احتجاج مظاہرے کیے گئے جن سے جماعت اسلامی کے ضلعی امراء اسحاق خان ، منظم ظفر خان ، محمد یوسف ، فاروق نعمت اللہ ، سید عبد الرشید ، محمد اسلام ، توفیق الدین ،عبد الجمیل خان اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا ۔

ای پیپر دی نیشن