جوہری عفریت، ماحولیاتی بحران عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی بداعتمادی 21ویں صدی میں ترقی کیلئے بڑے خطرات: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

Jan 25, 2020

نیویارک(اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئرس نے اکیسویں صدی میں ترقی اور نئے امکانات پر منڈلاتے ہوئے چار خطرات سے نمٹنے کی ضرورت کی نشاندہی کردی۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق جنرل اسمبلی سے خطاب میں انہوں نے جوہری عفریت، ماحولیاتی بحران، عالمی طاقتوں کے مابین بڑھتی ہوئی بداعتمادی اور ڈیجیٹل دنیا کے تاریک پہلو سے لاحق خطرات کو ’’چارآفات‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے جوہری طاقتوں پر اعتماد سازی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’جوہری عفریت پھیل رہا ہے‘‘۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے بارے میں کہا کہ زمین سلگ رہی ہے۔ کوپ 25 مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا ’’فیصلہ سازوں کی بڑی تعداد وقت ضائع کر رہی ہے‘‘۔ سیکرٹری جنرل نے عندیہ دیا کہ اقوام متحدہ بین الاقوامی برادری کے اتحاد کے لیے کوششوں کی اعانت کرے گی۔

مزیدخبریں