پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری 2.5ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی

Jan 25, 2020

کراچی (اے پی پی + نیٹ نیوز) پاکستانی کیپٹل مارکیٹس میں غیرملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافے کا رجحان ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں حکومتی بانڈز میں سرمایہ کاری کا حجم دو ارب چوون کروڑ ستر لاکھ ڈالر ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم اڑھائی ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔ ٹی بلز میں رواں مالی سال تئیس جنوری تک دو ارب چھپن کروڑ اسی لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی اور پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں سرمایہ کاری کا حجم تین کروڑ دس لاکھ ڈالر رہا۔ غیرملکی سرمایہ کاروں میں بڑی تعداد امریکہ اور برطانوی مالیاتی اداروں کی ہے جبکہ رواں سال میں سٹاک مارکیٹ سے 5کروڑ 20 ڈالر کا انخلاء دیکھا گیا۔ انڈسٹری تجزیہ کاروں کے مطابق شرح سود میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث ٹی ہلز غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی پُرکشش ہو گئے ہیں۔ ماہرین کو حکومتی بانڈز میں مزید سرمایہ کاری کی امید ہے۔ دوسری جانب رواں مالی سال کی ابتدائی ششماہی کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان میں کی گئی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2019ء کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے 836.3 ملین ڈالر کے منافع جات کی بیرون ملک منتقلی کی گئی ہے جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2018ء کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے غیرملکی سرمایہ کاروں نے 759.5 ملین ڈالر کے منافع جات اپنے ممالک کو منتقل کئے تھے۔

مزیدخبریں