لاہور(نامہ نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے جب ملک میں کرپشن بڑھنے کی رپورٹ شائع کی ہے، وزیراعظم عوام سے کہہ رہے ہیں وہ اخبار نہ پڑھیں، ٹی وی نہ دیکھیں، پہلے خود انہی سروے کی رپورٹس پر مخالف جماعتوں پر بہتان تراشی کرتے تھے۔ سرویز کو چھوڑیں اب تو ان کے وزراء اور اتحادی کہہ رہے ہیں کہ کرپشن بڑھ گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک میں پیپلز پارٹی کے مہنگائی کے خلاف لگائے لگے احتجاجی کیمپ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودو حکومت کی نالائق اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ غریب آدمی کو اب آٹا ملنا بھی بند ہو گیا ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی بھوک ہڑتال کئے بیٹھے ہیں۔ حسن مرتضٰی نے سابق سپیکر پنجاب اسمبلی اور صوبائی وزراء کی یقین دہانی پر فی الوقت بھوک ہڑتال ختم کی ہے۔ خان صاحب اب آپ لوگوں کومیڈیا سے دور رہنے کا کہہ رہے ہیں۔ آپ نے پہلے ہی میڈیا کا گلا بند کر دیا ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر حکومتی وزراء نے شور مچا نا شروع کردیا ہے، اسمبلیوں میں گروپ بن رہے ہیں اور ان کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہماری پالیسیز کی وجہ سے حالات خراب ہو رہے ہیں۔ کے پی کے اسمبلی کے لوگ اپنے وزیراعلٰی کے خلاف باتیں کر رہے ہیں۔ ایف بی آر والے کہہ رہے ہیں کہ ان حالات میںادارہ ٹیکس اکھٹا نہیں کر سکتا ہے۔ ادھر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حسن مرتضیٰ کو فون کیا اور مہنگائی اور آٹے کے بحران پر بھوک ہڑتال کرنے پر ان کی تعریف کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ نے پنجاب کے عوام کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے۔ پی پی پی پاکستان کے عوام کی حقیقی آواز ہے ۔ سلیکٹڈ کے فیصلے عوام کے لئے نہیں اپنے سہولت کاروں کے لئے ہیں۔ اس حکومت نے صوبوں کے تمام حقوق چھین لئے ہیں ۔ سید حسن مرتضی نے اس موقع پر کہا کہ میں اس حوصلہ افزائی پر قیادت کا شکر گذار ہوں اور مجھے اپنی قیادت ہر فخر ہے۔ اس حکومت نے پنجاب کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔ دریں اثنا پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے بھی مرتضٰی کو ٹیلی فون کیا اور اس کازکے لئے ان کی تعریف کی ہے۔
مہنگائی کیخلاف احتجاجی کیمپ: سلیکٹڈکے فیصلے سہولت کاروں کیلئے ہیں‘ بلاول
Jan 25, 2020