مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان خان اور انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر نے ملاقات کی۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے کے انتظامی امور، عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات اور امن و امان کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ انتظامیہ اور پولیس میری ٹیم ہیں اور سب نے مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھانا ہے۔ انتظامیہ اور پولیس غیر جانبدار رہ کر کام کرے، پنجاب حکومت کی پوری سپورٹ ہوگی۔ ملاقات میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام ضروری انتظامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف صوبہ بھر میں بلاتفریق کریک ڈائون کیا جائے اور ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے۔ عوام کی خدمت کے سفر میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ہمارا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میںصوبے میں انڈسٹریل اسٹیٹس و سپیشل اکنامک زونز کے قیام، سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیش رفت، صوبائی فنانس کمیشن اور وزیراعظم کے ’’کامیاب نوجوان پروگرام‘‘ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کیلئے ترقیاتی سکیموں پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 22 جنوری تک 187 ارب روپے جاری کئے جا چکے ہیںاور مختلف منصوبوں پر 107 ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیںجبکہ 42 ارب روپے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کیلئے رکھے گئے ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ انفراسٹرکچر فنڈکے قیام کی تجویز زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے 62 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور جنوبی پنجاب کیلئے 42 ارب روپے کے فنڈز ریلیز کئے جا چکے ہیں۔پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے مختص فنڈز کو کسی دوسرے علاقے یا منصوبے کیلئے منتقل کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے اور محکموں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جاری ہونے والے فنڈز کا بروقت استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ صوبے میں صنعتی عمل کو تیز کرنے کیلئے 17 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان مقامات کو ڈویلپ کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔ قائداعظم ایپرل پارک کے منصوبے کا افتتاح مارچ میں ہوگا۔صوبے میں سپیشل اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ پنجاب میں مجموعی طور پر 455 لوکل گورنمنٹس وجود میں آئیں گی۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں کام ہوگا۔ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کا آغاز اگلے ماہ ہوگا۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام ہوگا۔ منتخب نمائندوں کو ان کا جائز حق ہر صورت دیں گے۔انہوںنے کہا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے۔ وزیراعظم کے ’’کامیاب نوجوان پروگرام‘‘ میں پنجاب لیڈ لے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے ملاقات کی ۔ملاقات میںوزیراعظم کے ’’کامیاب جوان پروگرام‘‘ کے تحت پنجاب میںنوجوانوں کو قرضے فراہم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو پاکستان کو آگے لیکر جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے نوجوانوں کیلئے زبانی جمع خرچ کیا کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوںکیلئے قرضوں کی فراہمی کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ حکومت نے نوجوانوں کے لئے ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ بجٹ مختص کیا ہے ۔ پنجاب سے 8لاکھ نوجوان’’ کامیاب جوان پروگرام‘‘ کے بینر تلے آچکے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں قرض کی فوری تقسیم شروع کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بہاولپور کے علاقے میں نجی سکول کی چھت گرنے سے بچوں کے زخمی ہونے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اور کمشنر بہاولپور ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلاٹی 20 میچ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پاکستانی عوام کے دل جیت لئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...