اسلام آباد(نا مہ نگار)پنجاب اور اسلام آباد میں سی این جی سٹیشنز (آج) ہفتہ اور کل (اتوار) کو کھلے رہیں گے۔ ایس این جی پی ایل نے اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سی این جی سٹیشنز سے (آج) ہفتہ کی صبح آٹھ بجے کھلیں گے اور (کل) اتوار کی رات 8 بجے تک 36 گھنٹے کے لئے گیس فراہم کی جائے گی۔آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے پنجاب اور پوٹھوہار میں 36 گھنٹے کے لئے سی این جی سٹیشنز کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایک بیان میں مرکزی چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشنز غیاث پراچہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اگلے ہفتے سے انشاء اللہ 7دن کی باقاعدہ سپلائی بحال ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں گیس لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو کم کرکے سٹیشن مسلسل کھولے جائیں۔ گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پہلے ہی سی این جی کی صنعت کو آٹھ سے نو ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔