صدر عارف علوی سے سنوکر ایسو سی ایشن کے 3 رکنی وفد کی ملاقات

Jan 25, 2020

لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسو سی ایشن کے تین رکنی وفد نے صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کی۔صدر پاکستان عارف علوی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سنوکر ورلڈ چیمپئن شپ میں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے محمد آصف کی انعامی رقم کا مسئلہ حل کیا جائیگا۔صدر مملکت کا کہنا ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کو کہیں گے کہ ان کی انعامی رقم سمیت سنوکر کے معاملات کو ترجیحی بنیاد پر جلد از جلد طے کیا جائے۔اس بات کا اظہار انہوں نے پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسو سی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ کو چیئرمین عالمگیر شیخ نے بتایا کہ ہم نے صدر پاکستان کو بتایا کہ محمد آصف سکواش لیجنڈ جہانگیر خان اور جان شیر خان کے بعد دوسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے انفرادی کھیلوں میں دو بار ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ دنیا میں بھارت کے پنکج ایڈوانی واحد کھلاڑی تھا جس نے دو بار ورلڈ چیمپئن شپ جیتی، اب ان کے بعد محمد آصف نے ان کا اعزاز برابر کردیا ہے۔ اس کے علاوہ محمد آصف سمیت دیگر پاکستانی کھلاڑیوں نے ورلڈ اور ایشیا کی سطح پر بیش بہا کارنامے انجام دیئے ہیں۔ ہم سپورٹس پالیسی کے تحت حکومت سے انعامی رقم کا تقاضا کررہے ہیں یہ کھلاڑیوں کا جائز حق ہے۔صدر پاکستان عارف علوی نے محمد آصف کو دو بار ورلڈ چیمپئن اور دیگر ٹائٹل حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ لیجنڈ کھلاڑی کی قدر ہونی چاہئے، میں متعلقہ اداروں کو ہدایت کروں گا کہ آصف کی انعامی رقم اور سنوکر کے تمام معاملات فوری حل کئے جائیں۔عالمگیر شیخ اور منور شیخ نے صدر پاکستان کا سنوکر کے معاملات میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔ عالمگیر شیخ نے مزید بتایا کہ امکان ہے ہمارے مسائل خصوصاً محمد آصف کی انعامی رقم کا مسئلہ جلد حل ہوجائے گا۔ پہلے ہم نے آئی پی سی کی وزیر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کی اب صدر پاکستان سے، توقع ہے کہ فہمیدہ مرزا اب خصوصی دلچسپی لیں گی اور ہمارے مسائل حل کریں گی اگر ایسا نہیں ہوا تو ہم وزیراعظم پاکستان عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔

مزیدخبریں