چین کےسال نو کےموقع پر چینی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں:فردوس عاشق

Jan 25, 2020 | 12:35

ویب ڈیسک

 وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عوامی جمہوریہ چین کے سال نو کے موقع پر چینی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر نئے سال کے ساتھ پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ہفتہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ چین کی دوستی پاکستان کا عظیم اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ دونوں ممالک کی لازوال دوستی کا روشن مظہر ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت خصوصی صنعتی زون قائم کئے جائیں گے، یہ زون برآمدی شعبہ کی تقویت، پائیدار معاشی ترقی کے حصول اور مقامی صنعت کے فروغ کا باعث بنیں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ چین نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا چین نے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک انداز میں پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کی ہے اور چین اور پاکستان کی دوستی دونوں ممالک کے عوام میں محبت اور بھائی چارے کی عظیم مثال ہے۔

مزیدخبریں