کراچی(این این آئی)شہر قائد میں سائوتھ زون پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے ساتھ فلاحی ادارے کے شیلٹر ہوم پر چھاپا مار کر 7 بچیوں کو تحویل میں لے لیاہے۔تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن پولیس نے عدالت کے حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں کلفٹن میں ایدھی وومن شیلٹر ہوم سے 7 نوعمر لڑکیوں کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے شیلٹر ہوم میں رہنے والی سکینہ نامی لڑکی کی مدعیت میں میصرہ نامی لڑکی کے قتل کا مقدمہ نمبر 38/2020 بجرم دفعہ 302 کے تحت شیلٹر ہوم میں رہنے والی مدیحہ کے خلاف درج کرلیاہے۔مدعیہ سکینہ نے الزام عائد کیا ہے کہ مدیحہ باجی کے تشدد سے میصرہ نامی لڑکی ہلاک ہوئی تھی تاہم درج کی جانے والی ایف آئی آر میں میصرہ کے قتل کی تاریخ اور عمر درج نہیں کی گئی۔ایدھی فائونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میصرہ کا انتقال سال 2017 دسمبر کے آخر میں ہوا تھا اور وہ بھی دیگر لڑکیوں کی طرح شیلٹر ہوم میں رہتی تھی تاہم بیماری کی وجہ سے چڑچڑی ہوگئی تھی اور اس کی دیگر لڑکیوں سے لڑائی جھگڑا رہتا تھا جبکہ اس کا انتقال بیماری کی وجہ سے ہوا تھا تاہم شیلٹر ہوم میں رہنے والی سکینہ کے الزامات کا دفاع اور پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائیگا۔
کراچی میں شیلٹر ہوم پر چھاپا، 7 بچیوں کو تحویل میں لے لیا گیا
Jan 25, 2020