اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی اور خیسور میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کئے۔ جن کے نتیجے میں پانچ سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں دہشت گرد کمانڈر سید رحیم اور سیف الہ نور بھی مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر سید رحیم 2007ء سے سکیورٹی فورسز پر 17 حملوں میں ملوث تھا۔ وہ وانا اور میر علی کے علاقوں میں خودکش حملوں کے دو مراکز کا انچاج تھا۔ دشمن قوتوں کی طرف سے اسے ٹارگٹ کلنگ، نئے دہشت گرد بھرتی کرنے، انہیں تربیت فراہم کرنے اور انہیں منظم کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ وہ نومبر 2020ء سے جنوری 2021ء کے درمیان ہونے والی دہشت گردی میں بھی ملوث رہا ہے۔ وہ میر علی، 4 قبائلی عمائدین، 3 انجینئرز کے قتل اور آئی ای ڈی ڈی حملوں میں بھی ملوث تھا۔ جب کہ ہلاک ہونے والا دوسرا کمانڈر سیف اللہ نور، خیسور میں سکیورٹی فورس پر حملوں میں براہ راست ملوث تھا۔