کرونا: مزید 39اموات، کیسز کی شرح میں نمایاں کمی ہوگئی، وزارت صحت

Jan 25, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید ایک ہزار 594 کیسز جبکہ 39  اموات جبکہ 11 ہزار 295 زندگی کی بازی ہار گئے،  متاثرین کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 32 ہزار 412 ہوچکی ہے۔  ایک ہزار 981 مریض شفایاب ، مجموعی 91.4 فیصد شرح سے 4 لاکھ 86 ہزار 489 صحتیاب ہوئے ۔ ملک میں 34 ہزار 628 فعال کیسز ہیں۔ صوبہ سندھ میںمزید 469 کیسز، 4 مریضوں کا انتقال، مجموعی تعداد 3 ہزار 892 تک پہنچ گئی۔ صوبہ پنجاب میں 485 نئے کیسز، مزید 24 مریض لقمہ اجل بنے،  تعداد 4 ہزار 561 ہوگئی۔ صوبہ خیبرپی کے میں مزید 342 افراد متاثر، مزید 6 مریض انتقال کر گئے۔ تعداد ایک ہزار 832 تک جا پہنچی۔صوبہ بلوچستان میں21 کیسز، ایک شہری  جاں بحق، اموات 193 ہوگئیں۔ اسلام آباد میں 84 کیسز، مزید 2 مریضوں کا انتقال، مجموعی تعداد 465 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں مزید 25 متاثر، 2 مریض انتقال کرگئے، تعداد 254 تک جاپہنچی۔ گلگت بلتستان میں 2 نئے کیس، کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران پہلی بار مثبت کیسز کی شرح میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔ وزارت صحت کے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ10 نومبر سے قبل کے حالات کی جانب پاکستان واپس آ گیا ہے۔ اب ایک بار پھر نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ وزارت صحت کے حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ 5 تا 8 نومبر 2020ء کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 9 کے قریب تھی۔ اب پاکستان کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 30 ویں نمبر پر آگیا ہے۔ روس کی کرونا ویکسین ’’سپوٹنک‘‘ کی بھی ہنگامی حالت میں استعمال کی اجازت دے دی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ ویکسین کی پہلی کھیپ اس مہینے کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گی۔ روسی ویکسین کے استعمال کی اجازت ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے رجسٹریشن بورڈ کی جانب سے فارماسیوٹیکل کمپنی کو دی گئی ہے۔ روسی ویکسین کی 50 ہزار خوراکوں پر مشتمل پہلی کھیپ 2 ہفتوں تک پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔ حکام کے ماطبق روسی ویکسین کرونا وبا کے خلاف 92 فیصد موثر ہے۔ روسی ویکسین کو منفی 18 ڈگری پر سٹور کرنا لازمی ہے، پاکستان میں اب مختلف ممالک کی تین ویکسینز کو ہنگامی حالات میں استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ جن میں چینی کمپنی سائنو فارم کی ویکسین، برطانوی کمپنی ایسٹرازینیکا کی ویکسین اور روسی ویکسین سپوٹنگ شامل ہیں۔ فیصل آباد میں کرونا سے ہلاکتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا سے متاثرہ مزید 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مزید 15 افراد میں کرونا کی تصدیق ہو گئی۔ عالمی وبا کرونا وائرس کے سبب دنیا میں 9 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 21 لاکھ 30 ہزار 293 اموات ہو چکی ہے۔ دنیا میں کرونا کے 7 کروڑ 13 لاکھ 67 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے اور 2 کروڑ 58 لاکھ 24 ہزار سے زائد زیر علاج ہیں۔ امریکہ میں کرونا کی صورتحال سب سے خوفناک ہے جہاں 4 لاکھ 27 ہزار 635 اموات ہو چکی ہیں اور 2 کروڑ 55 لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔ اموات کی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار 376 اور ایک کروڑ 6 لاکھ 55 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔ جرمنی نے بیس ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے پابندیاں مزید سخت بنا دی ہیں۔ یہ ایسے ممالک ہیں، جہاں کرونا وائرس کی صورتحال دن بدن بگڑتی جا رہی ہے۔ ان ممالک میں پرتگال، سپین، مصر اور امریکہ بھی شامل ہیں۔ مسافروں کو جرمنی میں داخل ہونے کے لیے پہلے منفی کرونا ٹیسٹ دکھانا ہو گا۔ ہانگ کانگ میں سخت لاک ڈاؤن لگایا گیا۔ ہزاروں افراد کو 2 دن کیلئے گھروں میں بند ہونے کا حکم دیدیا گیا۔

مزیدخبریں