کراچی +لاہور (نیوز رپورٹر+ایجنسیاں) سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔ شادی کی تقریبات کا آغاز محفل میلاد منعقد کرکے کیا گیا اور یہ محفل بلاول ہاؤس کراچی میں ہوئی۔ محفل میلاد میں بھٹو اور زرداری خاندان کی خواتین نے شرکت کی جبکہ تقریب میں پیپلز پارٹی کی خواتین ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی شریک ہوئیں۔ محفل میلاد کیلئے بلاول ہاؤس کے احاطے میں خصوصی انتظامات کیے گئے جبکہ فریال تالپور اور آصفہ بھٹو زرداری نے محفل میلاد میں آنے والوں کو خوش آمدید کہا۔ خیال رہے کہ بختاور بھٹو زرداری کی مہندی کی سادہ تقریب 27 جنوری کو ہوگی اور 29 جنوری کو نکاح کی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ بختاور کی بارات و شادی کی تقریب 30 جنوری کو ہوگی۔کراچی سے این این آئی کے مطابق بلاول ہائوس کراچی میں ہونے والی محفل میلاد النبیؐ میں فریال تالپور اور ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، شگفتہ جمانی، ندا کھڑو، سعدیہ جاوید، ہیر سوہو، کلثوم چانڈیو، ماروی فصیح، سجیلا لغاری، شاہینہ شیر علی، شرمیلا فارقی، شازیہ کریم، سیمی سومرو، تنزیلہ قمبرانی، رخسانہ شاہ اور پروین بشیر قائمخانی بھی شریک ہوئیں۔ فریال تالپور کی خصوصی دعوت پر پیپلزپارٹی کی خواتین ارکان اسمبلی کو بلایا گیا۔ نعت خواں نمرہ نوید نے شان رسالت مآب میں گلہائے عقیدت پیش کیں۔ محفل کے اختتام پر بختاور بھٹو زرداری کی زندگی میں خوشیوں و کامرانیوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ کراچی سے نیوز رپورٹر کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی اور دلہن بختاور کے اکلوتے بھائی بلاول بھٹو ایک ہفتے کے لیے تمام تر سیاسی سرگرمیاں معطل کر چکے ہیں۔