سٹیل ملز ملازمین کا دھرنا جاری: پی ڈی ایم کا اتحاد غیر فطری تبدلی سرکار کو جانا ہوگا ، سراج الحق

اسلام آباد،لاہور (نامہ نگار،خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے لاکھوں افراد بے روزگار کر 

دیئے۔ ڈبل شاہ مال دوگنا کرتا تھا، وزیراعظم نے مسائل چار گنا کر دیئے۔ حکومت اداروں کی نج کاری کے ذریعے کس مافیا کو نوازنا چاہتی ہے؟۔ سبز پاسپورٹ کو عزت دلوانے کا دعویٰ کرنے والے اس بات کا جواب دیں کہ اقوام متحدہ نے اپنے سٹاف کو پاکستان کی ایئر لائن پر سفر کرنے سے کیوں روکا؟۔ وزیراعظم کو اپنے دعوے یاد ہیں تو پاکستان سٹیل کے احتجاجی ملازمین و اہل خانہ کے دھرنے میں خود آکر ان سے مذاکرات کریں۔ سانحہ کوئٹہ کی طرح پہنچنے میں تاخیر نہ کریں۔ برطرف کیے گئے 4ہزار سے زائد ملازمین کو بحال کیا جائے۔ ایمپلائز ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں سمیت دیگر رہنمائوں کے خلاف ایف آئی آر واپس لی جائے۔ حکومت مزید 9اداروں کی نج کاری کا اعلان واپس لے۔ قومی اداروں کی نج کاری اور ٹھیکیداری نظام رائج کرنے سے قومی معیشت اور مزدوروں کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ قومی اداروں کو تباہ و برباد کرنے والوں، بدعنوانی، بدانتظامی، اقر باپروری اور نا اہلی و غبن کا ارتکاب کرنے والوں کو پکڑا جائے اور ان کی جائیدادیں فروخت کرکے قومی خزانے میں رقم جمع کرائی جائے۔ غریبوں اور مزدوروں کو بے روزگار کرکے خسارہ پورا نہیں کیا جاسکتا۔ جماعت اسلامی نے سٹیل مل سمیت دیگر اداروں سے نکالے گئے مزدوروں کے حقوق، شہر قائد سمیت ملک بھر کے مظلوم و ستم رسیدہ عوام ، مجبور ومحروم طبقات کے لئے آواز اٹھائی ہے، پاکستان سٹیل کا مسئلہ پہلے بھی سینٹ میں اٹھایا تھا۔ ایک بار پھر میں مزدوروں کے حقوق اور نکالے گئے ملازمین کی بحالی کے لئے آواز اٹھائوں گا۔ قومی اسمبلی میں عبدالاکبر چترالی اور سندھ اسمبلی میں سید عبدالرشید سٹیل مل کے مزدوروں اور ملازمین کے حقیقی ترجمان بنیں گے۔ اصل جنگ پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، نواز لیگ کے درمیان نہیں بلکہ ظالم اور مظلوم کے درمیان ہے۔ جماعت اسلامی مظلوموں کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز سٹیل ٹائون کراچی میں چیئرمین ہائوس کے سامنے 14دن سے دھرنا دیئے ہوئے ملازمین اور ان کے اہل خانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے احتجاجی ملازمین سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دھرنا دینے والی خواتین سے بھی الگ سے گفتگو کی اور یقین دہانی کرائی کہ جماعت اسلامی متاثر ہونے والے ہزاروں خاندانوں اور ایک اہم حساس نوعیت کے قومی ادارے کی بحالی کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی اور ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔ دریں اثناء سراج الحق نے کہا ہے کہ عاشقان مصطفی ؐاور غلامان مصطفی ؐمتحد ہوکر انقلاب نظام مصطفی برپا کر سکتے ہیں، ملک بھر کے علماء مشائخ متحدہوجائیں اور ہماراساتھ دیں، تبدیلی کے دعویداروں سے نجات کے لئے سینہ سپر ہونے کا وقت آگیا ہے۔ تمام دینی اور مذہبی قوتوں کا اتحاد نظام مصطفیؐ کے نفاذ کا پیش خیمہ بن سکتا ہے، یوٹرن کے ماسٹر ریاست مدینہ کا خواب دکھانا چھوڑ دیں۔ عوام حکمرانوں کے مکر و فریب کو جان چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹاشاہ فیصل کالونی کے دورے اور سجادہ نشین چیئرمین علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان صاحبزادہ پیر احمدعمران نقشبندی سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت وفاتحہ خوانی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ نظام مصطفی اس ملک کامقدر ہے، جب ملک میں نظام مصطفی آئے گا تو چوروں اور لٹیروں کا صفایا ہو جائے گا، وقت آ گیا ہے تبدیلی سرکارکو جانا ہوگا، پی ڈی ایم کا اتحاد غیر فطری ثابت ہو چکا ہے۔ سینیٹر سراج الحق سمیت دیگرمہمانان گرامی کا آستانہ عالیہ بھیج پیرجٹا پہنچنے پربھرپور استقبال اورسندھ کا روایتی تحفہ اجرک، بغداد شریف کی خصوصی چادر اور آستانہ عالیہ کی چادر مہمانوں کو پیش کی گئی۔آئی این پی کے مطابق سراج الحق نے عمران اسماعیل کو گورنر ہائوس سندھ چھوڑنے کیلئے50لاکھ روپے کی آفر کر دی۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کہتے ہیں ہم نے ہر مزدور کو 5 لاکھ روپے ادا کیے ہیں۔ انہوں نے گورنر عمران اسماعیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو50 لاکھ روپے دیتے ہیں۔ آپ گورنر ہائوس چھوڑ دیں۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ادارے تباہ و برباد ہوگئے۔ پاکستان سٹیل ملز ایشیا کا سب سے بڑا ادارہ تھا، معیشت میں اس کا اہم کردار تھا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...