اسلام آباد(نا مہ نگار+ سپیشل رپورٹ)قومی اسمبلی اور سینٹ کے ہنگامہ خیز اجلاس 2روزہ وقفے کے بعد (آج)پیر کو دوبارہ ہونگے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کے درمیان براڈشیٹ سیکنڈل کے علاوہ معاشی صورت حال ‘ مہنگائی اور احتساب کے بار ے میں تلخ بحث ہونے کا امکان ہے۔ اس سے قبل جمعہ کے روز بھی قومی اسمبلی کے اجلاس کا ماحول سخت کشیدہ تھا لیکن وہ مختصر عرصہ تک جاری رہنے کے بعد پیر تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے 16جبکہ سینٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے 50نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت (آج)پیر کو سہ پہر4بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سہ پہر3بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے 16 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق اینٹی ریپ ، فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ آرڈیننس،پاکستان آرڈننس فیکٹریز بورڈ ترمیمی بل، پیش کئے جائیں گے جبکہ یوٹیلٹی سٹورز پر اشیا خردونوش کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف توجہ دلائونوٹس بھی پیش کیا جائے گا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے 50نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق سینیٹ میں پرائیویٹ ممبر ڈے کے موقع پر سینیٹرز اپنے نجی بل پیش کر یں گے۔