بیانیے میں تضاد صاف نظر آ رہا‘ پی ڈی ایم جلد ختم ہوجائیگی: پرویزخٹک

Jan 25, 2021

پشاور،نوشہرہ ( بیورو رپورٹ+نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے اختلافات کھل کر سامنے آ چکے ہیں۔ بلاول بھٹو سمیت کچھ اپوزیشن رہنما تحریک عدم اعتماد کے حامی ہیں۔ جبکہ مولانا فضل الرحمنٰ‘ مریم نوازلانگ مارچ کی بات کرتے ہیں۔ صاف نظر آ رہا ہے کہ اپوزیشن کے بیانیے میں تضاد ہے۔ بہت جلد پی ڈی ایم کی تحریک اپنی موت آپ مر جائے گی۔وہ نظام پور کے علاقے پیران کو بجلی فراہمی کے منصوبے اورکاہی گرڈ سٹیشن کی افتتاحی تقریب و شمولیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر پیران سے حاجی قیوم اور میرہ اکوڑہ سے ڈاکٹر عزیز نے خاندان اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ تقریب سے ایم پی اے ادریس خٹک، اسماعیل خٹک، ذوالفقار خٹک اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پرویز خٹک نے کہاکہ اے این پی، متحدہ مجلس عمل اور پیپلزپارٹی کی حکومتیں صوبے میں آئیں لیکن وہ نوشہرہ میں اپنے نام کی تختی تک نہیں دکھاسکتے، نوشہرہ کے عوام کو انہوں نے ہمیشہ دھوکہ دیا۔ میں نوشہرہ کا شکرگزارہوں اور انہیںمایوس نہیں کرونگا۔

مزیدخبریں